35

متحدہ نے الگ صوبے کا بل اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان کردیا

حیدرآباد: ایم کیوایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ جلد سندھ میں الگ صوبے کا بل قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔

افطار ڈنر سے خطاب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ عمران خان نے بیان دیا ہے کہ کراچی میں الگ صوبے کی ضرورت نہیں۔ وہ ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں کہ صوبے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ عمران خان پہلے ایسا بلدیاتی نظام پنجاب میں لائیں تاکہ وہاں الگ صوبے کی ضرورت نہ پڑے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت میں دو معاہدوں کے تحت شامل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آباد ؤاجداد نے پاکستان بنایا تو ہم سندھ میں نہیں پاکستان میں رہنے آئے تھے۔کچھ دوست ناراض ہوتے ہیں ہم سندھ کی تقسیم کی بات کرتے ہیں ہاں ہم تقسیم کی بات کرتے ہیں۔جب نوکری، حقوق اور بلدیاتی اختیارات پر ڈاکا ڈالاجائے گا تو پھر الگ صوبے کا مطالبہ ہوگا۔ صوبہ بننے سے سندھ بھی ترقی کرے گا۔سندھ کبھی ایک نہیں رہا۔ پاکستان کے قیام کے وقت بھی سندھ خیرپور،حیدرآباد اور کراچی ریاستوں پر مشتمل تھا۔

عامر خان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں الگ صوبہ بل جلد لائیں گے۔ پی ٹی آئی کو جہاں سے سیٹیں  نہیں ملیں ان کے جذبات کا تو خیال ہے اور کراچی سے سییٹیں ملیں ان کے جذبات کا احساس نہیں۔مخالفین نے سمجھا تھاکہ ایم کیوایم بکھر گئی ہے۔ ایم کیو ایم مظلوم اور محکوم لوگوں کی جماعت ہے۔

افطار ڈنر میں اراکین اسمبلی صابر قائم خانی،صلاح الدین،ندیم صدیقی،راشد خلجی، ناصر قریشی، فرید احمد خان، آفاق احمد، تاجر رہنماء عدیل صدیقی، اقبال بیگ، حاجی یعقوب، فاروق شیخانی، سکندر راجپوت، عامر شہاب، شاہد قائم خانی، سلیم حسین وہرہ، اکرم گڈو، حمید میمن، معظم ٹانک، وسیم جی، الطاف میمن، فاروق میمن، اناج منڈی کے ہارون میمن، عبداللطیف نظامانی، اعظم خان، پی ٹی آئی ڈاکٹر مستنصر باﷲ و دیگر شریک ہوئے۔