36

پاکستان کا حریت رہنماؤں کی گرفتاری پر سخت تشویش کااظہار

 اسلام آباد۔ پاکستان نے ایک بارپھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور حریت رہنماؤں کی گرفتاری پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنا بند کرے،بھارت زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے،

 جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی افواج نے رواں ہفتے 14 کشمیریوں کو شہید کیا۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کو سینئر حریت راہنماوں کو زیر حراست رکھنے پر تشویش ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارت کالے قوانین کے ذریعے بنیادی انسانی حقوق کو پامال کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنا بند کرے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ بھارت زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے۔ ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں لاپتہ افراد کے حوالے سے رپورٹ نے بھی بھارت مظالم کا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ 

ترجمان نے پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر ترجمان کا تبصرے سے گریز کیا اور کہاکہ وزیر خارجہ خود اس ملاقات پر بہت جلد بیان دیں گے۔ ترجمان نے کہاکہ ایران وزیر خارجہ پاکستان آ رہے ہیں،(آج) جمعہ کو ان کی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوگی۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ علاقائی اور عالمی امور تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیر خارجہ 27 مئی کو سعودی عرب جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے دورہ کے حوالے سے ابھی نہیں بتا سکتا۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان ایران اور سعودی عرب سمیت تمام ممالک کے باہمی مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔