41

کل جماعتی کانفرنس میں مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے‘ مولانا فضل الرحمن

 اسلام آباد۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا الائنس برائے فری اینڈ فیئر قائم ہو چکا ہے۔

 میدان عمل میں آنے کی حکمت عملی بنے گی۔ کوئٹہ، پشاور میں شیڈول کے مطابق ملین مارچ ہونگے۔ اسلام آباد میں ملک بھر سے کارکنوں کو جمع کیا جائے گا،تیاریاں تیز کر دیں۔ 25 جولائی 2018ء کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کی تمام سیاسی جماعتوں نے تسلیم کیا تھا اور تمام سیاسی جماعتوں نے قرار دیا کہ یہ جعلی مینڈیٹ ہے۔ عوامی مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے۔ اس پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ تمام جماعتوں نے دوبارہ انتخابات کے لئے اتفاق رائے سے اتحاد برائے صاف شفاف آزادانہ انتخابات قائم کیا تھا۔ اسی مقصد کے لئے کل جماعتی کانفرنس میں مشترکہ لائحہ عمل طے ہوناہے۔

 بدھ کو اپنے ویڈیوپیغام میں مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے سے2018 کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیا تھا، مگر اتفاق رائے کے باوجود آل پارٹیز کانفرنس منعقد نہ ہوسکی تھی مگر عید الفطر کے بعد ہماری میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی جس میں مشترکہ موقف کے تحت آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ہم نے پاکستان کی نظریاتی شناخت، عقیدہ ختم نبوتﷺ کے تحفظ،مہنگائی کے طوفان کے خلاف جسطرح ملک گیر سطح پر ملین مارچ کئے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہیگا۔کارکنان پر عزم رہیں جلداسلام آباد میں قومی سطح کا مارچ ہوگا دیگر جماعتیں اگر شرکت کرنا چاہیں تو خیرمقدم کریں گے۔ ایک بار پھر تمام سیاسی جماعتوں کی میزبانی کی جائے گی۔

 مشترکہ موقف کے تحت میدان عمل میں آنے کی حکمت عملی بنے گی۔ تمام جماعتوں کے اشتراک سے حکمت عملی بنے گی۔ موجودہ حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ عوام سخت تکالیف اور مشکلات میں مبتلا ہیں۔ 13 ملین مارچ ہو چکے ہیں شیڈول کے مطابق کوئٹہ پشاور میں ملین مارچ ہونگے۔