34

وفاقی حکومت کا عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان

اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے عید الفطر کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں رواں سال عید الفطر 5 جون کو بدھ کے روز ہوگی۔

دوسری جانب ماہر ین فلکیات کے مطابق شوال کا چاند 4 جون کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کے بعد عید 5 جون بروز بدھ منائی جائے گی اورچونکہ حکومت کی جانب سے عید پر 3 چھٹیاں ہیں اس لیے عید کے تین دن بدھ، جمعرات اور جمعہ کے بعد ہفتہ اور اتوار کی چھٹیوں کے شامل ہونے سے رواں سال عید الفطر پر 5 چھٹیاں ہونے کا امکان ہے۔ماہرین کے مطابق رواں سال شوال کا چاند 3 جون کو پیدا ہو جائے گا لیکن اس کی عمر بہت کم ہو گی اس لیے اسے پاکستان میں دیکھا نہیں جا سکے گا اور وہ غروبِ آفتاب کے 1 منٹ بعد ہی غروب ہو جائے گا اس طرح شوال کا چاند 4 جون کو نظر آئے گا اور امکان ہے کہ اس چاند کو پاکستان میں ایک گھنٹے تک دیکھا جاسکے گا جس کے بعد 5 جون کو عید ہو گی۔5 جون کو عید ہونے کی صورت میں 5 جون سے 9 جون تک چھٹیاں منائی جا سکیں گی کیونکہ 8 جون کو ہفتہ اور 9 جون کو اتوار کا روز ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان 5 دنوں کیلئے حکومت چھٹیوں کا اعلان کر دے گی۔

واضح رہے کہ ماضی میں ہر سال 29ویں روزے کو رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوتا تھا جس میں پہلے روزے اور عید کا چاند دیکھنے کے بعد اعلان کیا جاتا تھا، لیکن اب چند روز پہلے فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی ایک سائنسی کیلنڈر لے کر آرہی ہے جس کی مدد سے 5 سال پہلے ہی جانا جا سکے گا کہ کس سال کس روز عید ہوگی۔اس سے پہلے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا کہ سائنس دانوں اور ماہرین نے مل کر قمری سالوں کا سائنسی کیلنڈر تیار کر لیا ہے۔سائنسی کیلنڈر سے کسی بھی سال کے پہلے روزے اور عید کی تاریخ کا 5 سال پہلے ہی معلوم ہو جائے گا۔