29

کچھ عناصر عوام کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرناچاہتے ہیں‘فردوس عاشق

اسلام آباد۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی بہروپیے عوام کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرنے کے ایجنڈے پر ہیں۔

 عوام سیاسی بہروپیوں کے زخموں سے آزاد ہو چکے، جھانسے میں نہیں آئیں گے۔  اتوار  کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹوئٹر پر اپنے پیغام  میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کے اکٹھ پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس اولاد کے لیے مال پانی اکٹھا کیا گیا وہ بینیفیشریز مال کو تحفظ دینے کے لیے لائحہ عمل پر غور کریں گے۔ انہیں پاکستان کے عوام کا نہ کوئی دکھ ہے نہ درد۔ 

انہوں نے کہا سیاسی بہروپیئے معصوم عوام کو کئی سالوں سے ورغلا کر اپنے کاروباری مفادات کے لیئے استعمال کرنے کے ایجنڈے پر کاربند ہیں، ملکی اور عوامی مفادات کے لیے کوشاں عمران خان کی زیر قیادت 22 کروڑ عوام ان سیاسی بہروپیوں کے دیئے زخموں سے آزاد ہو چکے ہیں اور ان کے جھانسے میں اب نہیں آئیں گے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آج صرف بیرون ملک دولت کو ٹھکانے لگانے اور اومنی گروپ کے باب کو تحفظ دینے کی ترکیب سوچیں گے۔