67

چوتھا ون ڈے: بابر اعظم کی سنچری، پاکستان کا انگلینڈ کو 341 رنز کا ہدف

نوٹنگھم: انگلینڈ نے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے جس میں بابر اعظم کی شاندار سنچری شامل ہے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا تاہم لیفٹ آرم اوپنر امام الحق کہنی پر گیند لگنے کی وجہ سے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے، وہ تین رنز پر کھیل رہے تھے۔

امام الحق کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے جنہوں نے فخر زمان کے ساتھ مل کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے مل کر ٹیم کا اسکور 116 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر فخر زمان 57 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد محمد حفیظ کریز پر آئے اور پراعتماد بیٹنگ کی، حفیظ اور بابر اعظم نے عمدہ پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے اسکور 220 رنز تک پہنچادیا، محمد حفیظ نے نصف سنچری مکمل کی اور 59 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں بابر اعظم نے بھی اپنی سنچری مکمل کی اور وہ 115 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 249 رنز تھا۔ یہ بابر اعظم کے ون ڈے کیریئر کی 9 ویں سنچری ہے۔

شعیب ملک 41، آصف علی 17 اور عماد وسیم 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سابق کرکٹرز کپتان سرفراز سے اوپر کے نمبر پر کھیلنے کا مطالبہ کررہے ہیں تاہم وہ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آئے۔

سرفراز احمد 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے امام الحق 48 ویں اوور میں دوبارہ بیٹنگ کیلئے آئے، وہ 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر ٹام کرن نے 4، مارک ووڈ نے دو اور آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز میں میزبان ٹیم کو 0-2 کی برتری حاصل ہے اور سیریز بچانے کے لیے پاکستان کو آج کا میچ جیتنا ضروری ہے۔ ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ حارث سہیل کی جگہ شعیب ملک، فہیم اشرف کی جگہ محمد حفیظ اور شاہین آفریدی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انگلش ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں اور کپتان این مورگن پر ایک میچ کی پابندی کے باعث جوس بٹلر ٹیم کی قیادت  کر رہے ہیں جب کہ جیمز ونس، جوفرا آرچر، مارک ووڈ اور عادل رشید بھی آج کا میچ کھیل رہے ہیں۔