28

حکومت کا صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ اور سستا گھر اسکیم میں پارٹنر بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت تمام اداروں میں اصلاحات متعارف کروانا چاہتی ہے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا انڈسٹری کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے، جب میڈیا کا ورکر پریشان ہوتا ہے تو اس کا اثر پورے معاشرے پر پڑتا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعطم کی ہدایت کی روشنی میں ہم میڈیا ورکرز کو بھی ہیلتھ انشورنس میں حصہ بناتے ہوئے انہیں پارٹنر بنانے جارہے ہیں جس کے تمام صحافی تنظیموں اور پریس کلب سے مشاورت کر کے ان سے میڈیا ورکرز کی فہرست حاصل کررہے ہیں۔

اس کے ساتھ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی سستا گھر اسکیم میں بھی صحافیوں کو حصہ دار بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کا اعلان کیا۔

دورانِ گفتگو اپوزیشن کو تصادم کے بجائے بیٹھ کر اقتصادی چیلنجز سے نکلنے کے لیے اکناملک رفارم پروگرام کے طویل مدتی ایجنڈے کی تشکیل کی دعوت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو اپنا کام کرنے دیں آیئے پارلیمنٹ میں بیٹھ کر ملک کو مشکلات سے نکلنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں, عوام پارلیمنٹ سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔