42

پشاور میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن

پشاور۔ضلعی انتظامیہ نے تین روز کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 97کو گرفتار کر لیا ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پرپشاور میں گرانفروشوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں کاصبح صادق کے وقت دورہ کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں بازاروں میں میں نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جاتی ہیں۔

 اس حوالے سے پچھلے تین دنوں کے دوران اسسٹنٹ کمشنر پشاور سارہ رحمان نے سبزی منڈی فردوس اور دلزاک روڈ سے گرانفروشی پر 20 افراد کو گرفتار کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر اصلاح الدین خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن ون نجید اللہ خان نے کریم پورہ اور ہشتنگری میں کاروائی کر تے ہوئے گرانفروشی پر 18 افراد کو گرفتار کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن ٹو عبدالولی نے جی ٹی روڈ اور چارسدہ روڈ سے 12 افراد کو گرانفروشی پر گرفتار کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن تھری سارہ تواب عمر نے یونیورسٹی ٹاؤن اور بورڈ بازار سے گرانفروشی پر 21 افراد کو گرفتار کیا۔ 

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن فور شہباز خٹک نے کوہاٹ روڈ کے مختلف علاقوں سے گرانفروشی پر 9 افراد کو گرفتار کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان نے گلبہار اور دورہ روڈ سے گرانفروشی پر 6 افراد کو گرفتار کیا جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر رضوانہ ڈار نے حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں میں کاروائی کرتے ہوئے گرانفروشی پر 11 افراد کو گرفتار کیا۔ ان گرفتار افراد میں سبزی و پھل فروش، جنرل سٹور مالکان، دودھ فروش، قصائی اور دیگر شامل ہیں انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔