18

بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو موثر بنانا ہوگا، وزیر خارجہ

اسلام آباد۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا  ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو  موثر بنانا ہوگا،نئی ویزا پالیسی کے اجرا سے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح اور مسائل کے حل کی ہدایات دے دیں، کونسلر سیکشن کو ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سمیت وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں خارجہ پالیسی کو چیلنجز اور طے شدہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو موثر  بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے، نئی ویزا پالیسی کے اجرا سے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح اور مسائل کے حل کی ہدایات دے دیں، کونسلر سیکشن کو ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر خارجہ نے وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں ای ویزا کے اجرا اور داخلی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں وزرا نے تارکین وطن کے لیے امیگریشن کے عمل کو آسان اور مثر بنانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ویزے کے اجرا سے پاکستان میں آنے اور سرمایہ کاری کے خواہش مندوں کو بے جا پریشانی سے نجات ملے گی۔