35

جعلی بینک اکا ونٹس کیس کی سماعت 21مئی تک ملتوی

اسلام آباد۔احتساب عدالت نے جعلی بینک اکا  ونٹس کی سماعت 21 مئی تک کے لیے ملتوی کر تے   ہوئے  نیب کو ہدایت کی کہ ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کی جائیں۔

 جمعرات کو احتساب عدالت میں جعلی اکانٹس کیس میں آصف علی زرداری، فریال تالپور او دیگر ملزمان کیخلاف مقدمے کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور  تیسری بار عدالت میں پیش ہوئے، ریفرنس میں زرداری،فریال تالپور اور دیگر30 ملزمان نامزد ہیں۔وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ریفرنس کی کاپیاں بنی ہیں کہ نہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا آفس میں جمع کرا دی گئی ہیں، تفتیشی افسر علی احمد ابڑو سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔

جج ارشد ملک نے کہا ریفرنس کی کاپیاں ملزموں کو فراہم کی جائیں تو نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا 28 کاپیاں تیار ہوئی ہیں باقی کی تیاری کے لئے وقت درکار ہے۔وکیل صفائی نے بتایا اقبال خان نوری دوسرے ریفرنس میں گرفتار ہیں، زین ملک بون میرو کے مرض میں مبتلا ہیں حاضری سے استثنی دیا جائے، عدالت نے زین ملک کی  حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔نیب پراسکیوٹر کا کہنا تھا ملزم اعظم وزیر ملک سے باہر ہیں انٹر پول کے زریعے رابطہ کیا ہے، وکیل صفائی نے کہا ناصر عبداللہ بھی ملک سے باہر ہیں۔فاروق ایچ نائیک نے کہا فارن نیشنلٹی ہولڈر پر نیب کا قانون لاگو نہیں ہوتا، 2002 میں نیب کے قانون میں ترامیم کی گئی جس کے بعد فارن نینشل ہولڈر کو گرفتار نہیں کر سکتے، 2002 سے پہلے نیب کے قانون میں ترمیم نہیں کی گئی تھی جس وجہ سے فارن نیشنلٹی ہولڈر کو گرفتار کیا جا سکتا تھا۔جج ارشد ملک کا کہنا تھا فاروق ایچ نائیک کے پوائنٹ کو دیکھنا ہو گا، جس پر نیب پراسکیوٹر نے بتایا ملزمان کا رول دیکھا جایے گا کہ ریفرنس میں ملزمان کا رول کتنا اہم ہے، جج ارشد ملک نے استفسار کیا ریفرنس کی کاپیوں کی تیاری کب تک ممکن ہے، جس کے جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا دس دن کا ٹائم درکار ہوگا۔

غیر حاضر ملزمان سے متعلق سوال پر عدالت نے پراسیکیوٹر نیب سے مکالمے میں کہا ایک ہی بندہ سارا کام کر رہا ہے آپکا ٹیم ورک نہیں ہے، پراسیکیوٹر نیب نے بتایا تفتیشی ہی پہلے بھی کیس دیکھ رہے تھے اب بھی انہی کو معلوم ہے، جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے ایک بندہ کس طرح سے یہ سب کرے گا، بعد ازاں جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی۔