42

پاک افغان بہتر تعلقات ہی خطے کیلئے فائدہ مند ہیں‘ زلمے خلیل زاد

واشنگٹن۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان براہ راست بات چیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر اقتصادی تعاون پورے خطے کو آگے لیکر جائیں گے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اپنے ایک ٹوئٹ میں زلمے خلیل زاد نے لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر اشرف غنی کی بات چیت کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔امریکی سفارتکار سمجھتے ہیں کہ دونوں رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ معاشی منافع کو اہمیت دیں تو امن قائم کیا جاسکتا ہے، بالخصوص علاقائی روابط اور اتفاق رائے ممکنہ فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک جیسا وژن اصل میں خطے کو آگے بڑھا سکتا ہے۔واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ دنوں ٹیلی فون پر بات کی تھی اور علاقائی تعلقات کو بڑھانے کے لیے جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ حاصل کرنے پر زور دیا تھا۔تاہم کچھ میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا کہ اشرف غنی دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی مزید کوششوں پر بات چیت کے لیے عید کے بعد اسلام آباد کا دورہ کرسکتے ہیں۔

ادھر امریکا کی جانب سے طویل عرصے سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کی حمایت کی جارہی اور یہ دلائل دیے جارہے کہ اگر تعاون کریں تو دونوں پڑوسی دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں۔امریکا کی جانب سے پاکستان پر یہ بھی زور دیا جاتا ہے کہ وہ افغانستان اور بھارت کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے اپنی حدود کے مزید لبرل استعمال کی اجازت دے، جس سے اسلام آباد کو بھی فائدہ پہنچے گا۔