66

داتا دربار لاہور کے باہر پولیس پر خودکش حملے میں 4 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید

لاہور: داتا دربار کے قریب پولیس کی گاڑی کے نزدیک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید ہوگئے۔

ایس پی پولیس لائنزکے مطابق لاہورمیں داتا دربارکے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے نزدیک دھماکا ہوا، دھماکے میں 4 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید جب کہ 24 زخمی ہوئے جنہیں میواسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شہید ہونے والوں میں ایلیٹ اہلکارشاہد، سلیم اورعام شہری رفیق شامل ہے۔

جائے وقوع پرپولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔ دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی آواز دوردور تک سنی گئی ہے جب کہ گاڑی کوشدید نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے والی جگہ کی سیکیورٹی رینجرزنے سنبھال لی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم یہ دھماکا خودکش تھا یا نہیں اس حوالے سے فی الحال تفصیلات منظرعام پرنہیں آئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جب کہ زخمیوں کوبہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے پولیس موبائل کے نزدیک دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس اورایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کی۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا اورانتظامیہ کودھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی جب کہ اعلیٰ پولیس حکام اورسیف سٹیز اتھارٹی کے حکام کو بھی طلب کرلیا گیا۔