69

افغانستان کے اہم معاملات کی نگرانی بند

کابل ۔افغان امن مذاکراتی عمل میں پیش رفت کے بعد امریکی فوج نے افغان حکومت اور طالبان کے زیر اثر علاقوں کی نگرانی کا کام روک دیا۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ اعلان امریکا کے ایسے نگراں ادارے کی جانب سے سامنے آیا ہے جو جنگ زدہ ملک میں سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی کرتا ہے۔

خیال رہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب امریکا اور طالبان کے درمیان افغانستان میں جنگ بندی پر مذاکرات جاری ہیں جن میں امریکی فوج کے محفوظ انخلاءاور طالبان کی جانب سے افغان سرزمین دوبارہ دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی جارہی ہے۔

طالبان کی جانب سے اپریل کے آغاز میں موسم بہار کے حملوں کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن اس اعلان سے قبل ہی چند ہفتوں کے دوران پورے افغانستان میں طالبان اور حکومتی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں متعدد شہری اور سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔

انسپکٹر جنرل خصوصی برائے افغانستان تعمیر نو (ایس آئی جی اے آر) نے ایک 30 اپریل کو ایک رپورٹ جاری کی جس میں بتایا گیا کہ امریکی فوج نے نگراں ادارے کو بتایا ہے کہ وہ اب افغانستان میں حکومتی فورسز اور طالبان کے زیر اثر علاقوں میںٹریکنگ نہیں کرے گی۔

افغانستان میں امریکی فورسز کے ترجمان نے بتایا کہ نیٹو سپورٹ مشن (آر ایس) نے یہاں افغان طالبان اور حکومت کے زیر اثر علاقوں کی تشخیص کرنا چھوڑ دی جبکہ انٹیلی جنس کمیونٹی اپنے طور پر یہ کام کر رہی ہے۔

تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انٹیلی جنس کمیونٹی کی تشخص کا عمل جاری رہے گا یا پھر یہ بھی رک جائے گا؟ایس آئی جی اے آر کے سربراہ نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ امریکا کے ٹیکس دہندہ گان کے لیے اندازہ لگانے کے لیے بھی معلومات نا مکمل ہے کہ آیا ان کی افغانستان میں سرمایہ کاری کامیاب ہوئی ہے یا نہیں؟

خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ حکومت کا ملک کے 53.8 فیصد علاقے پر مکمل کنٹرول ہے جہاں تقریباً ملک کی 63.5 فیصد آبادی موجود ہے جبکہ دیگر علاقہ طالبان کے زیر اثر ہے۔