51

ر ویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5مئی کو طلب

اسلام آباد ۔رمضان المبارک 1440ھ کا چاند دیکھنے کےلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5مئی بروز اتوار بمطابق 29شعبان المعظم کی شام بوقت نماز مغرب طلب کر لیا گیا ہے۔

محکمہ مذہبی امور کے ذرائع نے بتایاکہ مرکزی روئت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5مئی بروز اتوار کی شام بوقت نماز مغرب میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہو گا جس کی صدارت روئت ہلال کمیٹی کے مرکزی چیئرمین مفتی منیب الرحمن کریں گے جبکہ زونل روئت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور ، کوئٹہ ، پشاور وغیرہ میں ان کے مقررہ مقامات پر منعقد کئے جائیں گے جس میں رمضان المبارک کے چاند کی روئت کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔

انہوںنے بتایا کہ ملک بھر سے موصول شدہ شہادتوں اور روئت ہلال کمیٹی کے ممبران کے فیصلہ کے مطابق مرکزی چیئر مین مفتی منیب الرحمن میڈیا پر چاند کی روئت اور رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے آغاز کے بارے میں اعلان کریں گے۔

دوسری جانب تمام اسلامی تہواروں اور مذہبی ایام کے بارے میں گزشتہ 50سالوں سے 100فیصد درست پیشگوئیاں کرنے والے ملک کے ممتاز ماہر فلکیات ، قمر شناس ، علم الاعداد ، روئت ہلال ایکسپرٹ پروفیسر محمد حمزہ نعیم پرنسپل (ر)گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے پیشگوئی کی ہے کہ رمضان المبارک 1440ھ کا چاند 6مئی بروز پیر کی شام بوقت نماز مغرب نظر آئے گا جبکہ ےکم رمضان المبارک 7مئی بروز منگل کو ہو گی اور اس روز فرزندان اسلام پہلا روزہ رکھیں گے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ نیو مون 5مئی بروز اتوار کو پیدا ہو گا لیکن اس روز بوقت نماز مغرب اس کا لیگ ٹائم پورا نہ ہونے کے باعث اسے دیکھنا ممکن نہ ہو گا۔انہوںنے بتایاکہ چونکہ 6مئی بروز پیر کی شام بوقت نماز مغرب نیو مون کی طبعی عمر پوری ہو گی

اسلئے اسے بعد نماز مغرب ننگی آنکھ کے ساتھ دیکھنا ممکن ہو سکے گا۔انہوںنے بتایاکہ 7مئی بروز منگل کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔انہوںنے مزید بتایاکہ شوال کا چاند 4جون بروز منگل کی شام نظر آئے گا جس کے باعث ےکم شوال 5جون بروز بدھ کو ہو گی اور فرزندان اسلام اس روز عید الفطر کی خوشیاں منائیں گے۔