52

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا کردار سراہتے ہیں ‘ چینی صدر شی جن پنگ

بیجنگ ۔ پاکستان اور چین نے ہر سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ تجارت ‘ عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے ،وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر اور وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی معیشت کے لئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

 اقتصادی راہداری نئے دور میں داخل ہوچکی ہے سی پیک کے اگلے مرحلے میں زراعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا، اگلے مرحلے میں صنعتی‘ سماجی اور اقتصادی ترقی کو بھی فروغ حاصل ہوگا،جبکہ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان چین تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہونگے،پاکستان اور چین کا مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھے گا۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلسل اور کامیاب کوششیں قابل تعریف ہیں۔اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے وزراءاور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر نے دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ افغانستان اور جنوبی ایشیاءسمیت علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات کے دوران پاکستان چین سٹریٹیجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ سیاست ‘ سلامتی اور معیشت میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ تجارت ‘ عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چین میں پرتپاک استقبال پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے مختلف امور پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اہم امور پر چین کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ چینی صدر نے پاکستان کی خودمختاری‘ سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ چینی صدر نے عوامی فلاح و بہبود پر مبنی سماجی اور اقتصادی ترقی کے حکومتی ایجنڈے کو سراہا۔

 اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہونگے۔ پاکستان اور چین کا مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھے گا۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم شی جن پنگ کی دور اندیشی پر مبنی ویژن کا عملی ثبوت ہے۔ فورم بین الاقوامی رابطوں اور تجربات سے استفادہ کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

 وزیراعظم نے پاکستان چین اقتصادی راہداری کے ساتھ غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں زراعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ اگلے مرحلے میں صنعتی‘ سماجی اور اقتصادی ترقی کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ چینی صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلسل اور کامیاب کوششیں قابل تعریف ہیں۔ 

چینی صدر نے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پاکستان کے پرامن تعلقات کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے اعلیٰ سطحی دوطرفہ رابطوں کا تسلسل برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ سے بھی ملاقا ت کی ، ملاقات میں دونوں ملکوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے کامیاب اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعاون ‘ اقتصادی راہداری کے ذریعے معاشی اشتراک کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ مشترکہ ترقی کے حوالے سے فورم پوری دنیا کے لئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی معیشت کے لئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ اقتصادی راہداری نئے دور میں داخل ہوچکی ہے۔ تجارتی ترقی ‘ عوامی منصوبے ‘ معاشی ‘ معاشرتی بحالی اور زرعی ترقی ممکن ہوسکے گی۔ خصوصی اقتصادی زون سے پاکستان کی تجارت اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے سی پیک میں مثبت پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ آزاد تجارتی معاہدے سے دونوں ملکوں میں تجارت‘ معاشی روابط میں اضافہ ہوگا۔ ملاقات میں پاکستان چین کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔