72

خواتین کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرض دینے کا منصوبہ

کوئٹہ: بلوچستان حکومت دستکاری میں مہارت رکھنے والی خواتین کی ترقی کے لئے تربیتی پروگرام اور کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کا منصوبہ لا رہی ہے۔

محکمہ ترقی نسواں بلوچستان کی جانب سے صوبے کے تمام اضلاع سے ہنر مند خواتین کے اعداد و شمارمرتب کئے جا رہے ہیں۔ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں دستکاری کے کام کو مزید نکھارنے کے لئے صوبے کی 200خواتین کو سرکاری سطح پر ٹریننگ دی جائے گی تربیتی پروگرام مکمل کرنیوالی خواتین کو سرٹیفکیٹ اور دستکاری کا کام کرنے کے لئے ضروری مطلوبہ سامان فراہم کیا جائے گا جب کہ اپنا کاروبارشروع کرنے کے لئے اُنہیں آسان شرائط اور طریقہ کار کے تحت قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے۔

منصوبے کا مقصد جہاں بلوچی اور پشتون ثقافتی دستکاری کو پذیرائی دینا اور خواتین کو اُن کے جائز معاوضے کی ادائیگی کو ممکن اورخود کفیل بنانا ہے۔ وہیں محکمہ ترقی نسواں خواتین کو اُن کی محنت کے مطابق معاوضے کی ادائیگی ممکن بنانے کے لئے آن لائن سسٹم متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ اس وقت دستکار خواتین کی صوبے بھر 95 فیصد مارکیٹوں تک رسائی نہیں۔ دستکاری کا کام کی گئی چادریں کپڑے اور دیگر اشیاء مڈل مین کے ذریعے مارکیٹ میں فروخت کی جاتی ہیں۔ جس میں مڈل مین اور دکاندار کا منافع تو نکل آتا ہے لیکن دستکار خواتین کو اُن کی محنت کے مطابق اُجرت نہیں ملتی۔