50

سری لنکا حملوں کے تانے بانے بھارت سے جاملے

اسلام آباد: سری لنکا میں دھماکے کرنے والی دہشت گرد تنظیم جماعت التوحید کے تانے بانے بھی بھارت سے ملنے لگے۔

بھارتی سرکار دوسرے ممالک میں دہشت گردی کرانے کی ریاستی پالیسی پر گامزن دکھائی دے رہی ہے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کی زندہ مثال پاکستان میں قید بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو ہے اور اب کولمبو دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرنے والی دہشت گرد تنظیم جماعت التوحید کے تانے بانے بھی بھارت سے ملنے لگے۔

بھارتی اخبار دی ہندو سری لنکا میں ایسٹر دھماکوں کے چشم کشا انکشافات سامنے لے آیا، سری لنکن ملٹری حکام کے مطابق خود کش دھماکوں کے ماسٹرمائنڈ زاہران ہاشمی نے بھارت میں ٹریننگ حاصل کی اور زاہران ہاشمی نے کافی عرصہ جنوبی بھارت میں گزارا۔

بھارتی اخبار کے انکشافات کے بعد پاکستان پر ہمیشہ بغیر تحقیق دہشت گردی کا الزام  دھرنے والے بھارتی حکام کو چپ کا روزہ لگ گیا، اخبار کے مطابق بھارتی حکام نے محض اس بات کا عتراف کیا ہے کہ ظہران ہاشمی فیس بک کے ذریعے بھارتی نوجوانوں کے ساتھ رابطے میں تھا، ظہران ہاشم کے فیس بک پیچ کے 100 سے زائد فولوورز سے تفتیش کی گئی، جس کے بعد ایسٹر حملے کے سرغنہ کا بھارتی نوجوانوں کے ساتھ رابطے کا سراغ ملا۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں 8 دھماکوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور ایک خود کش بمبار کے گھر چھاپے کے دوران حملہ آور کی اہلیہ نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا تھا۔