41

سوئی گیس صارفین پر ایڈوانس بل سکیورٹی کے نام پر نیا بوجھ

فیصل آباد۔سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد کمرشل صارفین پر ایڈوانس بل سکیورٹی کے نام پر نیا بوجھ ڈال دیا گیا،کمرشل صارفین کی محکمہ کے پاس تین بلوں کے برابر رقم ہونی چاہئے، محکمہ اووربلنگ کو کم کرنے کے سلسلہ میں حکومت کی طرف سے کوئی ہدایت یاحکم نہیں ملا،محکمہ سوئی گیس، جبکہ اووربلنگ کی شکایات میں اضافہ اور  چھوٹے کمرشل صارفین نے کنکشنز بند کرنا شروع کردیئے ،سوئی گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کے اعلان نے صارفین کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔

آن لائن کے مطابق محکمہ سوئی گیس کی جانب سے حالیہ قیمتوں میں اضافے کے بعد کمرشل صارفین کو بل کے اوور بلنگ نے پریشان کر دیا ،20ہزار روپے ماہانہ بل آنے والے کمرشل صارفین کے بل اب 35سے 40ہزارروپے ہوگیا ہے جبکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹریاتھارٹی نے مزید ہوئی گیس کی قیمتوں میں 80فیصد اضافہ کا عندیہ دیا ہے پہلے ہی قیمتوں اضافہ کے بعد صارفین کی جانب سے زیادہ بل آنے کی شکایات میں اضافہ ہوگیا ہے اورمحکمہ سوئی گیس نے قیمتوں اضافہ کے ساتھ ہی کمرشل صارفین سے ایڈوانس سکیورٹی کے نام پر رقم کی وصولی شروع کردی۔

محکمہ سوئی گیس کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پرانی سکیورٹی کم ہونے کی بناء پر صارفین سے ایڈوانس رقم تین بلوں کے مساوی وصول کی جارہی ہے جوکہ صارفین سے تین اقساط میں وصول کی جائے گی ، اووربلنگ کو کم کرنے کے سلسلہ میں وفاقی حکومت کی طرف سے ابھی تک کو ئی ہدایت یاحکم نہیں ملا۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی کے نام پر چھوٹے کمرشل دکانداروں کو بیس سے تیس ہزار روپے تصحیح بل کے نام پر وصولی کا سلسلہ جاری ہے جس پر تندور بھائی ‘ناشتہ پوائنٹ اور ہوٹل مالکان پریشان ہیں، چھوٹے کاروباری صارفین زائد بل کی وجہ اپنے کنکشنز بند کرانے پر مجبور ہورہے ہیں ۔