ااسلام آباد۔قومی اسمبلی کا 9واں ہنگامہ خیز سیشن (آج)پیر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہو گا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے ملک میں مہنگائی،ملکی معیشت کی ابتر صورتحال اور حکومت کی جانب سے ایمنسٹی سکیم کی خاطر ایوان بالا اور ایوان زیریں کا اجلاس ملتوی کرنے پر شدید احتجاج کیا جائیگا۔
حکومت کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ2010 اور فائرن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ1947میں مزید ترامیم کے بل پیش کئے جائیں گے،قومی اسمبلی سیکر ٹریٹ نے اجلاس کا 17نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کااجلاس (آج)پیر کی سہ پہر 4بجے سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا ۔قومی اسمبلی سیکر ٹریٹ نے(آج)پیر کو ہونے والے اجلاس کا 17نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔
ایجنڈے کے مطابق ملک میں حالیہ بارشوں سے گندم کی فصل کو ہونے والے نقصان،یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر توجہ دلاؤنوٹس پیش کئے جائیں گے اور حکومت کی جانب سے متعلقہ وزیر ان توجہ دلاؤ نوٹسز کے جواب دیں گے ۔ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں فائرن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ1947، اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ2010 اور انسداد منشیات ایکٹ1997میں مزید ترامیم کے بل پیش کئے جائیں گے۔
ایجنڈے کے مطابق الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2019میں120دن کی توسیع کی قرار داد بھی ایوان میں پیش کی جائیگی۔ایجنڈے کے مطابق مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس ، پاکستان میڈیکل ایند ڈینٹل کونسل آرڈیننس 2019 اور سٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے ملک میں مہنگائی،ملکی معیشت کی ابتر صورتحال اور حکومت کی جانب سے ایمنسٹی سکیم کی خاطر ایوان بالا اور ایوان زیریں کا اجلاس ملتوی کرنے پر شدید احتجاج کیا جائیگا۔اپوزیشن نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے حکمت عملی طے کر لی ہے۔









