35

پاکستان میں پہلا روزہ 7 مئی کو ہوگا

کراچی۔پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں رمضان المبارک کا چاند 5 مئی (29 شعبان )کو نظر نہ آنے کے قوی امکانات جبکہ سعودی عرب اور اس کے ہمسایہ ممالک میں 5 مئی کو ہی چاند کی رویت ہوگی،تاہم پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک میں پہلا روزہ منگل 7 مئی کو ہوگا۔

جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلانیٹری ایسٹرو فزکس کے سابق ڈائریکٹر اور معروف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی کے مطابق رمضان کے چاند کی پیدائش 5 مئی 2019 کو پاکستان کے وقت کے مطابق علی الصباح 3 بج کر45 منٹ پر ہوگی اور اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 15 گھنٹے اور18منٹ ہوگی۔

ڈاکٹر شاہد قریشی کے مطابق غروب آفتاب کے وقت اس کی افق سے بلندی صرف 7 ڈگری ہوگی اور ان حالات میں ہلال کا نظر آنا ناممکن ہے، اسی سبب 5 مئی کو غروب آفتاب کے وقت پاکستان میں کسی بھی مقام پر رمضان کا ہلال نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ چنانچہ پاکستان میں رمضان کا چاند 30 شعبان 6 مئی کو نظر آ سکے گا اور پہلا روزہ منگل 7 مئی کو ہوگا 

۔ جبکہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک بھارت اور بنگلہ دیش کے علاوہ ایران میں بھی چاندکی رویت 6مئی کو ہی ہوگی اور ان ممالک میں بھی رمضان کا آغاز 7 مئی سے ہوگا۔ڈاکٹر شاہد قریشی کا کہنا ہے کہ 5 مئی کو رمضان کا ہلال ایشیا، افریقہ اور یورپ سے نظر آنے کا بھی کوئی امکان نہیں ہے، البتہ براعظم جنوبی امریکا کے شمالی علاقوں، وسطی امریکا اور متحدہ امریکا کے جنوبی علاقوں سے ہلال باآسانی دیکھا جا سکے گا۔

ادھر سعودی عرب کے قمری کیلنڈرکے حساب سے سعودی عرب اور اس کے ساتھ چلنے والے ہمسایہ ممالک اور علاقوں میں پہلا روزہ 6 مئی کو ہی ہونے کا امکان ہے۔