48

چین میں دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا آغاز

بیجنگ۔چین میں دوسرا بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے عالمی تعاون (بی آر ایف) جمعرات سے شروع ہورہا ہے ،یہ فورم بین الاقوامی سطح پر بڑی اہمیت کا حامل ہے جس میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سمیت معروف عالمی رہنما شرکت کر رہے ہیں ،اس فورم کے ذریعے چین اپنی اقتصادی ترقی میں اپنے دوستوں اور شراکت داروں کو شریک کرنا چاہتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فورم کا افتتاح چین کے صدر شی جن پھنگ کریں گے ، یہ فورم بیلٹ اینڈ روڈ کے منصوبے کے فریم ورک کے تحت بین الاقوامی تعاون کیلئے اعلیٰ سطح کا پلیٹ فارم ہے ۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ کانفرنس نمایاں طور پر ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی ۔دوسرے بی آر ایف کا بنیادی خیال یا نظریہ ’’بیلٹ اینڈ روڈ تعاون مستقبل کیلئے برابری کی روشن صورت ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس فورم کا مقصد اعلیٰ سطح کی ترقی کو بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے تحت فروغ دینا ہے جو کہ اس منصوبے میں حصہ لینے والے تمام ممالک کا ایک مشترکہ جذبہ ہے ۔

2013میں شروع کئے گئے اس منصوبے کے اب تک حاصل ہونے والے سمر بار نتائج کا ذکر کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ دوسرے بی آر ایف کا عالمی سطح پر زبردست خیر مقدم کیا ہے ، اس میں 150ممالک اور 90بین الاقوامی تنظیموں کے پانچ ہزار سے زیادہ شخصیات شرکت کر رہی ہیں جنہوں نے اپنی آمد کی تصدیق کردی ہے ۔

ان شرکاء میں حکومت ،سول سوسائٹی ،کاروبار اور تعلیم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں ۔ فورم میں جن امور پر اتفاق رائے ہوگا ان کے بارے میں شرکت کرنے والے رہنما ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے ۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ چین کے صدر شی جن پھنگ نے 2013میں تجویز کیا تھا جس کا بنیادی مقصد بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے دنیا بھر میں رابطوں کو بہتر بنانا تھا ۔

بین الاقوامی معیشت کی ترقی میں نئے عناصر کو شامل کرنا اور عالمی اقتصادی تعاون کیلئے ایک نیا پلیٹ فارم قائم کرنا تھا۔ ایک میزبان ملک ہونے کے حوالے سے ہم تمام فریقوں کیساتھ قریبی رابطہ اور تعاون برقرار رکھیں گے ،صلاح مشورے اور تعاون برائے مساوی فوائد کا اصول برقرار رکھیں گے تا کہ اس فورم کو مزید کھلا ،بے مثال اور شفاف بنایا جا سکے ۔