75

طالبان کا پاکستانی سرحد کے قریب چیک پوائنٹ پر حملہ

کابل۔طالبان نے جنوبی افغانستان میں پاکستان کی سرحد کے قریب واقع فوجی چیک پوائنٹ پر حملہ کر کے 20 افغان فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ قندھار میں صوبائی کونسل کے رکن محمد یوسف نے بتایا کہ گزشتہ رات ضلع شورابک میں کیے گئے اس حملے کے نتیجے میں 8 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔صوبائی گورنر آفس کے ایک آفیشل نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں افغان فوجی بھی شامل ہیں لیکن وہ ہلاکتوں کی صحیح تعداد نہیں بتا سکتے۔طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے حملے کی ذمے داری قبول کی اور دعوی کیا کہ انہوں نے ہتھیاروں پر بھی قبضہ کرلیا۔

ادھر شمالی صوبے کے گورنر کے ترجمان ذبیح اللہ امانی نے بتایا کہ ساری پل میں پولیس اور فوج کے مشترکہ اڈے پر طالبان نے حملہ کر کے سیکیورٹی فورسز کے کم از کم 5 اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ ضلع سنگ چرک میں رات کیا گیا جس میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔اس حملے کے حوالے سے طالبان کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا جبکہ امانی نے دعوی کیا کہ حملے میں 4 شدت پسند بھی مارے گئے۔

شمالی صوبے سمن گن کی پولیس کے سربراہ کے ترجمان سید ہاشم بیان میں کہا کہ ایک افغان سیکیورٹی اہلکار نے اپنے 2 ساتھیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا اور خود طالبان شدت پسندوں سے جا ملا۔انہوں نے کہا کہ حملہ آور نے پیر کی دوپہر بھاگنے سے قبل ایک فوجی گاڑی اور اسلحے پر قبضہ کیا اور فرار ہو گیا۔طالبان نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ فوجی ضلع داری صف میں ان کا حصہ بن گیا ہے۔