71

مہنگائی کے سونامی نے اتوار بازاروں کو بھی لپیٹ میں لے لیا

اسلام آباد ۔ملک میں موجود مہنگائی کے سونامی نے اب اتوار بازاروں کا بھی رخ کر لیا ہے، پچھلے ہفتے کے مقابلے میں اشیا ئے خورونوش کے نرخ میں پانچ سے دس فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے اتوار بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، پھلوں میں سیب کی قیمت 135 روپے فی کلو سے بڑھ کر 140 روپے کر دی گئی ہے۔دیگر پھلوں اور سبزیوں کے نرخوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے،خربوزہ 60 روپے فی کلو سے بڑھ کر 70 روپے ،آلو 28 روپے فی کلو سے بڑھ کر 32 روپے جبکہ ادرک 190 روپے فلی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ 

دکانوں پر دال ماش 35 روپے فی کلو، دال مونگ اور دال چنا 20 روپے فی کلو تک مہنگی ہوگئی، چاول کی قیمت میں 30 سے 60 روپے فی کلو تک اضافہ ہوگیا، تیل اور گھی کی قیمتوں میں بھی 7 روپے تک اضافہ، پیکنگ اور ڈبے والے دودھ کی قیمت میں 10 روپے تک اضافہ ہوگیا ،دکاندار اور عوام بڑھتی قیمتوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ پاکستان شماریات بیورو نے یکم اپریل کو سبزیوں، دالوں اور گوشت کے نرخوں سے متعلق رپورٹ میں بتایا کہ سالانہ کی بنیاد پر سبز مرچیں 151 فیصد، ٹماٹر 315 فیصد اور سرخ مرچیں 27.6 فیصد مہنگی ہوئیں جبکہ دال کی قیمتوں میں ایک سال کے دوران 22.7 اور گوشت کی قیمتیں 13.8 فیصد بڑھیں۔ 

ماہانہ کی بنیاد پر پیاز 39.2 فیصد، کینو 22.3 فیصد، ٹماٹر کی قیمت میں ایک ماہ میں 18.8 فیصد، کیلا 15 فیصد جبکہ دال مونگ کی قیمت ایک ماہ کے دوران 12.6 فیصد اور لہسن 11 فیصد مہنگا ہوا۔ پاکستان شماریات بیورو کے مطابق کتابوں کی قیمتیں 31.3 اور ٹیوشن فیس میں 27.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سیمنٹ کی قیمتیں ایک سال کے دوران 13.9 فیصد بڑھ گئیں۔