78

مسعود اظہر پر پابندی کی امریکی کوششوں پر چین کا انتباہ

واشنگٹن/بیجنگ۔امریکا نے جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے لیے تمام تر دستیاب راستوں کے استعمال کے عزم کا اظہار کیا ہے۔تو دوسری جانب چین نے واشنگٹن کو خبردار کیا ہے کہ اس رویے سے جنوبی ایشیا میں پہلے سے کشیدہ صورتحال مزید پیچیدہ ہوجائے گی۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان سے امریکا کی کوششوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرسکتے ہیں کہ ہم نے برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس حوالے سے قرارداد جمع کروادی ہے۔

خیال رہے کہ امریکا نے سلامتی کونسل میں مسعود اظہر پر پابندی لگانے کی قرارداد27 مارچ کو پیش کی تھی جس کے منظور ہونے پر مسعود اظہر پر سفری پابندی کے ساتھ ساتھ ان کے تمام اثاثے منجمد ہوجائیں گے۔

اس تنازع پر چینی پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام برقرار رہے اور ہمیں امید ہے کہ بھارت اور پاکستان مذاکرات کے ذریعے اپنے باہمی مسائل کا حل نکالیں گے۔