68

ہماراآئی ایم ایف سے کوئی لینا دینا نہیں،‘ترک صدر

استنبول ۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ہم اقتصادی دہشت گردی کابھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، اب ہماراآئی ایم ایف سے کوئی لینا دینا نہیں، ہمارا قرضہ ختم ہو چکا ہے، ترکی مقامی حکومتوں کے انتخابات کے بعد شام کا مسئلہ حل کرے گا۔ترکی کے صدروآک پارٹی کے رہنما رجب طیب ایردوآن نے استنبول کے علاقے کاغذ خانے میں عوامی جلسے سے خطاب کیا۔

ترکی کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے اقتصادی تعلقات ختم ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے صدر ایروان نے کہا کہ اب ہماراآئی ایم ایف سے کوئی لینا دینا نہیں، ہمارا قرضہ ختم ہو چکا ہے۔حالیہ ایام میں اقتصادیات کے ذریعے ترکی پر دبا ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایردوآن نے کہا کہ چاہے یہ اندرونِ ملک سے ہو یا بیرونِ ملک سے۔

اس ملک کے عوام کی روزی پر اپنی نگاہیں گاڑنے والوں کو ہم ہر گز درگزر نہیں کریں گے۔ ہم جس طرح دہشت گردی کا خاتمہ کرنے پر اٹل ہیں اسی طرح ہماری معیشت کو کاری ضرب لگانے والوں کو سبق سکھا کر چھوڑیں گے۔مسئلہ شام کا بھی ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد پہلا عام مسئلہ شام کو ممکنہ حد تک مذاکرات کے ذریعے وگرنہ میدان جنگ میں قطعی طورپر حل کریں گے۔