59

فرانس میں عمران خان سینڈل متعارف

پیرس۔ فرانس کی مشہور جوتا سازکمپنی کرسٹیان لوبوٹن نے پاکستان کی مشہورپشاوری چپل سے متاثر ہوکر عمران سینڈل متعارف کرادیے، مارکیٹ میں فروخت کی جانے والی چپل کی جوڑی کی قیمت 595 ڈالرز (تقریبا 84 ہزار پاکستانی روپے ) مقرر کی گئی ہے ۔ترک نشریاتی ادارے کے مطابق البتہ یہ بات تاحال صیغہ راز ہے کہ لوبوٹن نے عمران چپل کو وزیراعظم عمران خان کے نام سے منسوب کیا ہے اور یا یہ کہ اس کا ارادہ متعارف کرائی گئی عمران سینڈل کو اپنے پاکستانی فیشن ڈیزائنر دوست عمران قریشی کے نام سے موسوم کرنے کا ہے۔

کچھ عرصہ قبل معروف فیشن ڈیزائنر سر پال اسمتھ کو بھی پشاوری چپل نے کافی متاثرکیا تھا۔ انہوں نے اس کے بعد ویسی ہی چپل رابرٹ سینڈلز کے نام سے بنا کر مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی تھی۔ رابرٹ سینڈلز کے نام سے مارکیٹ میں فروخت کی جانے والی چپل کی جوڑی کی قیمت 595 ڈالرز (تقریبا 84 ہزار پاکستانی روپے ) مقرر کی گئی تھی۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی بھی گزشتہ دنوں جب پی ایس ایل سیزن -4 کے سلسلے میں پشاور آئے تھے تو وہ بھی پشاوری چپل کے دلدادہ نکلے تھے۔معروف چپل ساز جہانگیر صافی نے پشاور زلمی کے کپتان کے لیے تین مختلف رنگوں کی پشاوری چپل کا تحفہ پیش کیا تھا جسے پا کر وہ نہایت مسرور دکھائی دیے تھے۔ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے معروف کرکٹر ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پختون روایت کا حصہ پشاوری چپل پہن کر انہیں بے حد خوشی ہو رہی ہے۔