36

بھکر: بس اور رکشہ میں تصادم، 6 طالبات سمیت 7 افراد جاں بحق

بھکر کے نواحی علاقے میں جھنگ روڈ پر جیسے والا کے قریب تیز رفتار مسافر بس نے طالبات کے رکشہ کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں 6 طالبات سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

مسافر بس ملتان سے ڈیرہ اسماعیل جارہی تھی جس کےحادثے کے باعث رکشہ اور اس میں سوار طالبات بس کے نیچے دب گئیں۔ حادثے کا شکار لڑکیاں نہم جماعت کی طالبات تھیں جو امتحانی پرچہ دے کر گھروں کو واپس جارہی تھیں۔

امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر طالبات اور رکشہ ڈرائیور کی لاشوں کو بس کے حصے کاٹ کر باہر نکالا جبکہ ایک طالبہ کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حادثہ کے بعد مشتعل افراد نے جھنگ روڈ کو بلاک کر دیا اور بس کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود ڈسٹرک پولیس آفیسر (ڈی پی او) شائستہ ندیم اور پولیس اہلکاروں نے صورتحال مزید بگڑنے سے روک دی۔

ہولناک حادثے کے بعد اہلِ علاقہ نے سخت احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ اور ایم ایم روڈ کو بلاک کردیا اس کے ساتھ شٹر ڈاؤن ہڑتال کرتے ہوئے کاروباری مراکز بھی بند کردیے۔ احتجاج کرنے والے مظاہرین اور تاجروں نے بس کمپنی کا روٹ پرمٹ معطل کرنے اور جاں بحق طالبات کا مقدمہ بس کمپنی کے خلاف درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حادثے میں 7 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ضلعی انتطامیہ سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ نے زخمی ہونے والی طالبات کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدیات کرتے ہوئے انتظامیہ کو حکم دیا کہ حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے جلد کارروائی عمل میں لائی جائے۔