51

نیوزی لینڈمیں خودکار ہتھیاروں پر پابندی کا اعلان

آکلینڈ۔نیوزی لینڈ کی وزیرا عظم جیسنڈا آرڈرن نے ملک میں تمام خودکار ہتھیاروں پر پابندی کا اعلان کردیا۔نیوزی لینڈ ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فوجی طرز کے نیم خودکار(سیمی آٹومیٹک)بندوقوں اور رائفلز پر اسلحے کے نئے اور سخت قانون کے تحت پابندی عائد ہوجائے گی

۔انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کو ہماری تاریخ ہمیشہ کے لیے تبدیل ہوگئی اور اب ہمارے قوانین بھی، ہم نیوزی لینڈ کے تمام باشندوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلحے کے قوانین کو مزید سخت کرررہے ہیں تا کہ ہمارا ملک محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو ہونے والے حملے کے بعد جب 72 گھنٹوں بعد پیر کو کابینہ کا اجلاس ہوا تو اراکین نے قانون پر نظرِ ثانی کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا اور اب 6 روز بعد ہم فوجی طرز کے تمام نیم خودکار اسلحے (ایم ایس ایس اے) اور رائفلز پر پابندی کا اعلان کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ بندوقوں کو نیم خودکار اسلحے میں تبدیل کرنے والے تمام آلات پر بھی پابندی ہوگی جس میں جدید میگزینز بھی شامل ہیں

۔وزیراعظم نیوزی لینڈ کا مزید کہنا تھا کہ ہتھیار سے دستبردار ہونے والوں کو معافی دی جائے گی جبکہ کابینہ نے مذکورہ اسلحہ خرید کر ادائیگی کرنے کی اسکیم وضع کرنے کی بھی ہدایت کردی، جس کے بارے میں تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔