32

مون سون میں تباہ کن سیلاب کا خطرہ

اسلام آباد۔فیڈرل فلڈ کمیشن نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کو بتایا ہے کہ ملک میں ریکارڈ بارشوں اور برف باری کے بعد سپر فلڈ کا خدشہ ہے، آئندہ مون سون سے پہلے اقدامات نہ کیے تو بڑے تباہی آسکتی ہے۔ 

منگل کو چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن احمد کمال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کو آگاہ کردیا ہے کہ آئندہ مون سون میں تباہ کن سیلاب آ سکتا ہے،حفاظت کے پیشگی اقدامات کرلیں۔احمد کمال کے مطابق فلڈ کنٹرول سسٹم کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے وزارت خزانہ سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 15 ارب روپے رکھنے کی بھی درخواست کی۔

یوسف تالپورکی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری آبی وسائل مہر علی شاہ نے ٹیوب ویلز کو ریگولرائز کرنے کا مشورہ دیا اور بتایا کہ ملک میں 13 لاکھ ٹیوب ویلز چل رہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں کہ زمین سے کتنا پانی نکالا جارہا ہے۔