38

ہالینڈ میں ٹرام پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

ہالینڈ کے شہر یوتریخت میں مسلح شخص کی جانب سے ٹرام پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

یوتریخت کے مغربی حصے میں ٹرام اسٹیشن کے قریب واقع اسکوائر کو حکام نے گھیرے لے لیا ہے اور جائے وقوع پر ایمرجنسی سروس سمیت ریسکیو ادارے پہنچ چکے ہیں۔

فائرنگ کا واقعہ 24اوکتو برپلین جنکشن پر مقامی وقت کے مطابق صبح 10بجکر 45منٹ پر پیش آیا اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کے لیے تین ہیلی کاپٹر بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

ہالینڈ کے میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جس کی لاش پولیس کو چادر میں لپٹی ہوئی ملی۔یوتریخت پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور ہم معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔

پولیس نے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ سڑک سے دور رہیں تاکہ ریسکیو کے کاموں میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ واقعہ دہشت گردی ہوسکتا ہے۔

یوتریخت پولیس نے بتایا کہ فوری طور پر سرکاری عمارتوں اور اہم شاہراہوں کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جائے وقوع کے اطراف قائم مساجد اور اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ حکام نے یوتریخت میڈیکل سینٹر کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ایمرجنسی سینٹر کو مکمل فعال رکھیں اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کریں۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ڈچ وزیر اعظم مارک روٹے نے ہفتہ وار کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا ہے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ مسلح حملہ آور نے ٹرام پر بلااشتعال فائرنگ کی جبکہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آور واردات کے بعد گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ڈچ پبلک براڈ کاسٹر این او ایس کے مطابق ایک مزید عینی شاہد نے بتایا کہ ’میں نے خون میں لت پت ایک خاتون کو سڑک پر دیکھا جنہیں میں نے اپنی کار میں لٹادیا تھا، خاتون بے ہوش تھیں جنہیں بعد ازاں پولیس نے ہسپتال منتقل کردیا۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے کے بعد ٹرام سروس کو منسوخ کردیا گیا۔