220

پی ایس ایل کی ٹرافی کون اٹھائے گا؟ سرفراز اور سیمی الیون آج مدمقابل ہوں گے

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن  کی ٹرافی پر قبضے کی جنگ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہو گی۔

پی ایس ایل فائنل ٹاکرے کے لیے شائقین پُرجوش اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جیت کے لیے پُرامید ہیں۔

پشاور زلمی مسلسل تیسری بار فائنل کھیلے گی جب کہ کوئٹہ بھی تیسری بار فائنل میں ایکشن میں دکھائی دے گی تاہم پشاور زلمی ایک مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل ٹرافی اٹھانے سے اب تک محروم رہی ہے۔

پی ایس ایل فور میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز آصف علی کے پاس ہے جنہوں نے ایونٹ میں 26 چھکے لگائے جب کہ پشاور زلمی کے کیرون پولارڈ 23 اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن 22 چھکے لگا چکے ہیں اور دونوں ہی کھلاڑی آج کے میچ میں بھی ایکشن میں ہوں گے۔

ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے میں کوئٹہ کے شین واٹسن سرفہرست ہیں اور وہ اب تک 423 رنز بناچکے ہیں جب کہ ایک اننگز میں سب سے زیادہ آٹھ چھکے مارنے کا ریکارڈ کراچی کنگز کے کولن انگرم کے پاس ہے۔

پی ایس ایل فور کی اختتامی تقریب میں معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا جب کہ اداکار فواد خان، آئمہ بیگ، ذوہیب حسن اور دیگر پرفارم کریں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے، اختتامی تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔

فائنل مقابلے کے لیے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بڑی اسکرینیں لگائی گئی ہیں جہاں شائقین کرکٹ سب سے بڑے ٹاکرے سے محظوظ ہوسکیں گے۔

گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 4 ٹرافی کی رونمائی کی گئی جس میں کپتان سرفراز احمد اور ڈیرن سیمی کا ٹرافی تھامے فوٹو سیشن بھی ہوا اور دونوں کے درمیان دلچسپ مکالموں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

اس دوران ڈیرن سیمی نے سرفراز سے کہا کہ آج ٹرافی تم اٹھاؤ کل ہم اٹھائیں گے، ایسے میں سرفراز احمد نے بھی بھرپور جذبے سے جواب دیا کہ ہم آج بھی اٹھائیں گے اور کل بھی۔

یہی نہیں ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل ٹرافی کا جف سوشل میڈیا ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں کل شدت سے اس کو چاہتا ہوں آپ کو کیا لگتا ہے یہ میرے پاس آسکتی ہے؟۔