59

ٹورنامنٹ کا بہترین بولر بننا چاہتا ہوں، لیکن اصل ہدف کراچی کنگز کی فتح ہے: حسن علی

کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی نے پی ایس ایل 10 میں بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وکٹیں مل رہی ہیں اور ذاتی کارکردگی تسلی بخش ہے، لیکن اصل کامیابی تب ہوگی جب کراچی کنگز جیتے گی۔

حسن علی نے بتایا کہ این سی اے میں تربیت کے دوران اپنی بولنگ، فٹنس اور ڈائٹ پر کام کیا، اور انجری مسائل سے نمٹنے میں اہلیہ کا بھی خاص تعاون رہا۔ تاہم انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ "روٹی گینگ" کو نہیں چھوڑا، کیونکہ پراٹھے ہماری پہچان ہیں۔

اپنے کرکٹ کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے پی ایس ایل کو "خوبصورت سفر" قرار دیا اور کہا کہ اس لیگ نے انہیں عالمی معیار کا پلیئر بننے میں مدد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ابھی صرف 30 سال کے ہیں، اور ابھی کافی کرکٹ باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ صرف ذاتی اعزازات کے پیچھے نہیں، بلکہ ٹیم کی کامیابی ان کی اصل ترجیح ہے، اور اگر مستقبل میں کپتانی کا موقع ملا تو بخوشی قبول کریں گے۔