34

کالعدم تنظیموں کے 44ا رکان زیر حراست

اسلام آباد۔حکومت نے کالعدم تنظیموں کے 44 ارکان کو حراست میں لے لیا۔وزارتِ داخلہ کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں مفتی عبدالروف اور حماد اظہر بھی شامل ہیں۔

وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات نیشنل ایکشن پلان کے تحت لیے گئے اور حراست میں لیے گئے مفتی عبدالروف کالعدم جیشِ محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے بھائی ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکریٹری داخلہ اعظم سلیمان خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔سیکریٹری داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے 44 افراد کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کی اور مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ مفتی عبدالرف اور حماد اظہر کے نام بھارت کے ڈوزیئر میں شامل ہیں اور جن افراد کو حراست میں لیا گیا ان سے تفتیش کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ہورہی ہے جو آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گی، اگر کسی تنظیم کے اثاثوں کو تحویل میں لینا پڑا تو لیں گے، تمام تر اطلاعات پر کارروائی کی جائے گی۔

اس آپریشن کی روزانہ کی بنیاد پر اطلاعات دیں گے۔سیکٹریری داخلہ کے مطابق تحقیقات کے لیے کسی بھی کالعدم تنظیم کے مرکز کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔ مزید ثبوت ملے تو فوری طور پر کارروائی کریں گے۔ ،اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہورہی ہے، ہم کسی دبا ومیں یہ کارروائی نہیں کررہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کالعدم تنظیموں کے حوالے سے بات چیت ہوئی ، مفتی عبدالروف اور حماد اظہر کا نام بھارتی ڈوزیئرمیں شامل ہیں۔