27

دنیا میں بھارت کا مذاق اڑایا جارہا ہے ‘ فواد چوہدری

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی آرہی ہے اور دنیا میں بھارت کا مذاق اڑایا جارہا ہے،کشیدگی میں کمی کا کریڈٹ وزیراعظم اور فوجی قیادت کو جاتا ہے، دنیا میں پاکستان کا قد بڑھا ہے،ملک کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، ایف اے ٹی ایف کی پابندیوں کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آج حالات بدل رہے ہیں، پاک بھارت کشیدگی میں کمی آرہی ہے، ہم گزرتے وقت کے ساتھ جنگ سے دور ہورہے ہیں، کشیدگی میں کمی کا کریڈٹ وزیراعظم اور فوجی قیادت کو جاتا ہے، دنیا میں پاکستان کا قد بڑھا ہے،۔انہو ں نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا جبکہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، موجودہ صورت حال میں سیاستدانوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیاعوام بھی اس بحران میں جنگی جنون کا شکار نہیں ہوئے۔


کشیدہ صورتحال میں تمام دوست ممالک نے ساتھ دیا، دوست ممالک اورامریکا نے پاکستان کے مو قف کی تائید کی ،غیر ملکی میڈیا نے پاکستان کے بارے میں مثبت رپورٹنگ کی جبکہ بھارتی میڈیا کا بری طرح سے مذاق اڑایا گیا ہے، نریندرا مودی سے بھارت میں سوال اٹھ رہے ہیں کہ الیکشن مہم کے لیے ایسا کیوں کیا جارہا ہے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی تجارت بڑھانی ہے، ملک کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، ایف اے ٹی ایف کی پابندیوں کے حوالے سے بھی کام جاری ہے، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے انتہا پسندی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان میں انتہا پسندی کے خلاف کارروائی کریں گے اور اس کے لیے مرحلہ وار کام شروع ہوچکا ہے۔کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ تمام اقلیتوں کا احترام ضروری ہے، جہاں بھارتی طیارہ گرایا گیا وہاں فیصل واوڈا کے وڈیو بنوانے سے قیامت نہیں آگئی۔