44

بھارتی فوج کی دہشت گردی :2 کشمیری نوجوان شہید، 5 اہلکار ہلاک

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ سیکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑا میں 3 دن سے جاری سرچ آپریشن میں بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ اس دوران بھارتی فوج کے 3 نوجوان اور  کشمیر پولیس کے 2 اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔

ضلع کپواڑا کے علاقے ہندواڑا میں سرچ آپریشن کے پہلے روز (جمعہ) کو بھی 2 کشمیری نوجوانوں کی شہادت ہوئی تھی۔ ہندواڑا میں انٹرنیٹ سروس اور موبائل فون سروس معطل ہیں جب کہ داخلی اور خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات ہے۔

دوسری جانب لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ معصوم رہائشی بن رہے ہیں اور کئی سیکٹرز میں مقامی افراد کو اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 14 فروری کو بھارتی فوج کے قافلے میں خود کش کار بمبار حملے میں 44 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد کشمیری عوام پر زمین مزید تنگ کردی گئی ہے، نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر کشمیری نوجوانوں کے لہو سے ہولی کھیلی جارہی ہے۔