153

بھارت نے جنگی طیارے کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی

بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے جنگی طیارے کی تباہی اور پائلٹ کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے مختصر پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے اس کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے بھارت کے انسداد دہشت گردی آپریشن کا جواب دیا۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر وائس مارشل آر جی کے کپور کے ہمراہ نئی دہلی میں میڈیا کو بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ہم پہلے سے اس کے لیے تیار تھے لہٰذا ہم نے پاکستان کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ فضائی انگیجمنٹ کے بعد مگ 21 بیسن نے پاکستانی فضائیہ کے طیارے کو مارا گرایا جو پاکستانی حدود میں جا گرا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اس دوران ان کا ایک مگ21 طیارہ تباہ ہوگیا اور ایک پائلٹ لاپتہ ہے، پاکستان دعویٰ کر رہا ہے کہ پائلٹ ان کی تحویل میں ہے لیکن ہم حقائق کا جائزہ لے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ مذکورہ پریس کانفرنس کا دورانیہ محض ایک منٹ 52سیکنڈ تھا اور گزشتہ روز کی طرح ایک مرتبہ پھر بھارتی حکام پریس کانفرنس کے بعد سوالات کا جواب دیے بغیر ہی فوراً اٹھ کر چلے گئے۔