192

گلیڈی ایٹرز نے سنسی خیز مقابلے کے بعد لاہور کو شکست دے دی

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے بارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 144 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کے آخری اوور میں حاصل کیا۔  قبل ازیں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں فخر زمان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ سلمان بٹ پی ایس ایل میں اپنے دوسرے میچ میں بھی نہ چل سکے اور 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

لاہور کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سہیل اختر تھے جو 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ 

لاہور کی جانب سے کپتان اے بی ڈویلیئرز 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ سہیل اختر نے 29 اور ویس نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے غلام مدثر نے 3 اور سہیل تنویر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز کے 144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احسن علی نے کیا لیکن شین واٹسن بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جنہیں راحت علی نے آؤٹ کیا۔ 

احسن علی اور کپتان سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت گلیڈی ایٹرز نے اننگز کے آخری اوور میں ہدف حاصل کیا۔  سرفراز نے آخری گیند پر چھکا لگاکر ٹیم کو جیت دلائی اور وہ 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ احسن علی 40 اور محمد نواز 19 رنز بناکر نمایاں رہے۔

یاد رہےکہ گزشتہ روز لاہور قلندرز نے ملتان سلطان کے بھاری ہدف کو عبور کرکے شاندار کامیابی حاصل کی اور ایونٹ میں دوسرا میچ اپنے نام کیا۔