تہران۔ایران کی ایلیٹ فورس کے انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے پاسداران انقلاب کے اہلکاروں پر حملہ کرنے والا شخص پاکستانی تھا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایلیٹ فورس کی نیوز ایجنسی سپاہ نے بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پاکپور کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ خودکش حملہ آور کا نام حافظ محمد علی تھا جو پاکستان سے آیا۔
واضح رہے کہ 13 فروری کو پاسداران انقلاب کے اہلکار صوبہ سیستان بلوچستان کے شہر خاش سے زاہدان جارہے تھے کہ ان کی بس کو خودکش بم سے نشانہ بنایا گیا۔کمانڈر بریگیڈیئر جنرل نے کہا کہ دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ماڈل کی جانچ سے تحقیقات میں مثبت پیش رفت ہوئی۔پاکپور کا کہنا تھا کہ دو روز قبل پہلا ثبوت وہ خاتون تھی جسے شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا اور اسی خاتون کی وجہ سے ہم دیگر تک پہنچے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ خودکش حملہ آور کے علاوہ اس کا ایک مشتبہ ساتھی بھی پاکستانی تھا۔پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے دعوی کیا کہ مذکورہ حملہ 11 فروری کو اسلامی انقلاب کی 40ویں سالگرہ پر کیا جانا تھا لیکن سیکیورٹی فورسز نے تقریب کے لیے تمام تیاریاں کی ہوئی تھیں۔