127

ادارہ شماریات میں معلومات فراہمی کیلئے خصوصی سیل قائم 

اسلام آ باد ۔ادارہ شماریات نے الیکشن کمیشن کو بروقت معلومات اور دیگر متعلقہ سہولتوں کی فراہمی کے لئے ایک خصوصی سیل قائم کر دیاتاکہ حلقہ بندیوں کا کا م بلا رکاوٹ اور تعطل کے جاری رہ سکے، ادارہ شماریات نے مردم شماری 2017 سے متعلق تمام مطلوبہ ڈیٹا الیکشن کمیشن کو طے شدہ وقت کے اندر مہیا کر دیا ہے۔

جمعرات کو ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق مردم شماری 2017 سے متعلق تمام مطلوبہ ڈیٹا الیکشن کمیشن کو طے شدہ وقت یعنی 10 جنوری تک مہیا کر دیا گیاہے۔ الیکشن کمیشن کو مہیا کئے گئے مواد میں مردم شماری چارج اور سرکل کا نقشہ، شہری اور دیہی بلاک کے نقشہ جات بمعہ علاقہ جات کی تفصیل، مردم شماری کا سرکاری طور پر جاری کیا گیا تمام بلاک لیول تک کا ڈیٹا شامل ہے۔ 

تمام ڈیٹا اور دستاویزات کی ہارڈ کاپی اور سافٹ کاپی مہیا کی گئی ہے۔ تمام متعلقہ ریکارڈ الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر اسلام آباد کے علاوہ تمام صوبائی دفاتر میں بھی باضابطہ طورپرحوالے کر دیا گیا ہے ۔