بیکانیر۔بھارت نے ریاست راجستھان آئے ہوئے پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی وارننگ دی ہے، بیکانیر کی عدالت نے مسلمانوں پرہونے والے حملوں اوران کی املاک کونقصان پہنچائے جانے کے واقعات کے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے حکم جاری کیا ہے۔ منگل کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت نے ریاست راجستھان آئے ہوئے پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی وارننگ دی ہے۔
پلوامہ واقعے کے بعد بھارت میں مقیم پاکستانیوں کے لئے بھی مشکلات بڑھ گئیں۔راجستھان کے ضلع بیکانیر کی عدالت نے مسلمانوں پرہونے والے حملوں اوران کی املاک کونقصان پہنچائے جانے کے واقعات کے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے حکم جاری کیا ہے۔بھارتی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانیوں کو ملازمت نہ دیں اور پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کا کاروبار ی تعلق بھی قائم کرنے سے اجتناب برتیں۔
اگلے ماہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحم اللہ تعالی علیہ کے عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے اجمیر شریف راجستھان جانے کے خواہشمند پاکستانی زائرین کے لیے بھی مشکل پیدا ہوگئی ہے۔اس سلسلے میں بھارتی حکومت پاکستانی زائرین کی ویزا درخواستیں بھی مسترد کرسکتی ہے۔عرس تقریبات 7 سے 18 مارچ تک اجمیر شریف میں منعقد ہونی ہیں، پاکستانی زائرین نے وزارت مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی کے توسط سے ویزا درخواستیں جمع کروارکھی ہیں۔