تہران: ایران میں پاسداران انقلاب کی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبے سیستان بلوچستان میں خود کش بمبار نے زاہدان سے کیش جانے والی پاسداران انقلاب کی بس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 20 اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ 21 زخمی ہوگئے تھے۔
ریسکیو اداروں نے فوری طور پر زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی لیکن ان میں سے کوئی بھی جانبر نہ ہوسکا اور اب ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی ہے۔
پاسداران انقلاب نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار سرحد پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کے بعد واپس آرہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔ خیال رہے ایران کے اس علاقے میں کئی شدت پسند تنظیمیں متحرک ہیں تاہم خود کش حملے کی ذمہ داری مسلح گروپ جیش العدل نے قبول کرلی۔
واضح رہے کہ گزشہ برس دسمبر میں چاہ بہار میں خود کش دھماکے میں دو پولیس افسران سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ ماہ ستمبر میں ایک اور واقعے میں فوجی پریڈ پر حملہ کیا گیا جس میں 24 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔