139

امریکی نمائندہ خصوصی کی امن مذاکرات کی شرائط پر اتفاق کے بعد افغانستان آمد

دوحہ: قطر میں افغان طالبان اورامریکا کے درمیان امن مذاکرات کی شرائط پر اتفاق کے بعد امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد افغانستان پہنچ گئے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر میں جاری افغان طالبان اور امریکا کے درمیان  امن مذاکرات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، فریقین کے درمیان شرائط پر اتفاق ہوگیا ہے، تاہم شرائط کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

ادھر طالبان نے واشنگٹن کا اہم مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے افغان سرزمین امریکا مخالف استعمال نہ ہونے دینے اور داعش کو افغانستان میں داخل ہونے سے روکنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اگر افغان طالبان اپنی یقین دہانیوں پر عمل درآمد کر لیتے ہیں تو امریکی افواج 18 ماہ میں افغانستان سے نکل جائیں گی۔

دوسری جانب امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ٹویٹ میں کہا ہےکہ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، تسلسل جاری رکھتے ہوئے مذاکرات کا ایک اور دور جلد شروع کیا جائے گا۔

زلمے خلیل زاد نے مزید کہا کہ کئی حل طلب مسائل پر کام اب بھی باقی ہیں اور تمام معاملات طے ہونے تک حتمی طور پرکچھ بھی نہیں کہا جا سکتا، مکمل جنگ بندی اور افغانستان کے اندر موجود تمام فریقین کی مذاکرات میں شمولیت ناگزیر ہے۔