منیلا: فلپائن کے شہر جولو کے ایک چرچ میں دھماکوں کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے جنوبی جزیرہ جولو کے رومن کیتھولک چرچ میں یکے بعدیگرے دو دھماکے ہوئے جس میں کم سے کم 27 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پہلا بم دھماکا چرچ کی عمارت کے اندر ہوا جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کے موقع پر پہنچنے کے بعد دوسرا دھماکا ہوا جب کہ حملے میں 5 اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔
صدر روڈریگو ڈوٹرٹ کے ترجمان نے دھماکوں کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز چرچ حملوں کے منصوبہ سازوں کو سامنے لے آئیں گے اور مجرموں کو کچل دیا جائے گا۔
فلپائن فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر چرچ میں دھماکے آئی ای ڈیز سے کیے گئے، دہشت گردوں نے پرامن طریقے سے عبادت میں مصروف شہریوں کو نشانہ بنایا۔