59

امریکہ افغانستان سے انخلا ء پررضامند

دوحا۔ قطر میں امریکا اورطالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ، امریکا نے افغانستان سے انخلا پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ہفتہ کو بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مذاکرات کے چھٹے روز امریکی حکام نے افغانستان سے اپنی افواج کے انخلا پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے طالبان کو جنگ بندی کا کہا ہے۔امریکا کی جانب سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ طالبان، داعش اور القاعدہ کو خطے میں آپریٹ نہیں کرنے دیں گے جس پر افغان طالبان نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے امریکی انخلا کی ٹائم لائن طلب کرلی ہے۔

امریکا کی جانب سے جنگ بندی کے مطالبے پرافغان طالبان نے موقف اختیار کیا ہے کہ پہلے امریکا اپنے انخلا کی ٹائم لائن دے ، ساتھ ہی ساتھ یہ بھی یقینی بنائے کہ امریکا خطے کے دیگر ممالک بالخصوص پاکستان کے لیے خطرات نہیں پیدا کرے گا، اس کے بعد ہی جنگ بندی ممکن ہوگی۔

دوسری جانب مذاکرات میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان کے افغان صدر اشرف غنی کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لیے کہا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ مذاکرات ریفارمز کے لیے ہوں۔
افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے لیے نہ ہوں۔ تاہم طالبان کی جانب سے فی الحال افغان حکومت سے مذاکرات کے معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق طالبان کا وفد جنگ بندی کے بعد کابل آئے گا اور افغان حکومت سے علیحدہ مذاکرات کیے جائیں گے۔