119

بریگزٹ پر دوسرے ریفرنڈم کا مطالبہ مسترد

لندن۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بریگزٹ پر دوسرے ریفرنڈم کا مطالبہ مسترد کر دیا، انہوں نے نو ڈیل بریگزٹ کو خارج از امکان قرار دینے سے بھی انکار کر دیا۔برطانوی وزیراعظم نے شمالی آئرلینڈ کی سرحد کے انتظام پر یورپی یونین سے دوبارہ بات چیت کا اعلان کردیا جبکہ برطانیہ میں قیام کے خواہش مند یورپی شہریوں پر عائد 65 پاؤنڈز فیس ختم کر دی۔

بریگزٹ ڈیل مسترد کیے جانے کے بعد تھریسامے نے ایوان میں متبادل منصوبہ پیش کر دیا اور کہا کہ ڈیل کی مخالفت کی اہم ترین وجوہات میں سے ایک شمالی آئرلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان سرحدی انتظام کا معاملہ تھا۔ یورپی یونین کے مجوزہ بیک اسٹاپ منصوبے میں تبدیلیوں کے لیے برطانوی وزیراعظم یونین سے دوبارہ مذاکرات کریں گی،جس میں شمالی آئر لینڈ کی اتحادی جماعتوں کی تجاویز بھی شامل کی جائیں گی۔

تھریسامے نے کہا کہ وہ ان آپشنز کا جائزہ لے رہی ہیں جو ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرنے میں مدد گار ہو اور برطانیہ کی سالمیت سے متعلق خدشات بھی دور کیے جاسکیں۔نئے پلان کے تحت برطانوی حکومت نے بریگزٹ کے بعد برطانیہ میں رہنے کے خواہش مند یورپی شہریوں کیلئے 65 پاونڈز کی فیس کی شرط ختم کردی ہے ۔

اپوزیشن لیڈر جریمی کاربن نے پلان بی کو پلان ایکی کاپی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت ایسی ڈیل کی حمایت کرے گی جس میں نو ڈیل بریگزٹ کے تباہ کن عمل سے بچنے کی یقین دہانی شامل ہو۔