162

پاکستان دوسرے ون ڈے میچ میں بھی پروٹیز کا شکار کرنے کیلیے بیتاب

پاکستان دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی جنوبی افریقا کو شکست دیکر سیریز میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے بیتاب ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں کل سیریز کے دوسرے میچ میں مقابل ہوں گی، گرین شرٹس پورٹ ایلزبتھ میں فتح کا اعتماد لیے میدان میں اتریں گے اور میزبان ٹیم پہلے میچ میں شکست کا بدلہ چکانے کی کوشش کرے گی، پروٹیز کو رن ریٹ بہتر بنانے جب کہ پاکستان کو بولنگ میں خامیوں پر قابو  پانے کی فکر ہوگی، پاکستان غیر متاثر کن کارکردگی پیش کرنے والے عثمان شنواری کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔

اس سے قبل کھیلے گئے تمام میچز میں ڈربن کے کنگز میڈ اسٹیڈیم میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے، گرین شرٹس نے 6 میچز میں سے 4 میں فتح سمیٹی، 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فروری 2007 اور مارچ 2013 میں کھیلے جانے والے گزشتہ دونوں میچز میں پاکستان نے میزبان ٹیم پر برتری ثابت کی۔

اس میدان پر گرین شرٹس کا سب سے زیادہ سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز 2007 میں بنایا گیا تھا، محمد یوسف کی ناقابل شکست سنچری، یونس خان کے 93 اور شاہد آفریدی کے 77 رنز (ناٹ آؤٹ) شامل تھے، عمران نذیر نے 57 کی اننگز کھیلی، دسمبر 2002 میں پاکستان ٹیم یہاں اپنے سب سے کم ٹوٹل 140 تک  محدود رہی،شان پولاک  اور نکی بوئے نے 3،3 شکار کیے تھے۔