121

زرعی شعبہ کی نقد آور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ

اسلام آباد ۔ سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ مالی سال 2017-18ءکے دوران زرعی شعبہ کی بڑی نقد آور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا

گندم کی پیداوار میں 155کلو گرام ، چاول 147کلو گرام جبکہ گنے کی پیداوار میں 6 ہزار 135کلو گرام فی ہیکٹر اضافہ ہوا ہے۔بینک کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال 2017-18ءکے دوران گندم کی فی ہیکٹر پیداوار بڑھ کر2917کلو گرام رہی جبکہ گزشتہ برس فی ہیکٹر اوسط پیداوار 2762کلو گرام رہی تھی۔

اس طرح گندم کی پیداوار میں 155کلو گرام فی ہیکٹر اضافہ ہوا ہے ۔چاول کی فی ہیکٹر پیداوار بھی 2569کلو گرام تک پہنچ گئی۔گنے کی فی ہیکٹر اوسط پیداوار 55ہزار 62کلو گرام سے بڑھ کر گزشتہ مالی سال 61 ہزار197کلو گرام فی ہیکٹر تک پہنچ گئی ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق زرعی شعبہ میں زائد پیداوار کے حامل اور بیماریوں کے خلاف بھرپور مزاحمت رکھنے والے ہائی برڈ بیجوں کی کاشت اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کے ذریعے فی ہیکٹر پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے جس کیلئے چھوٹے اور درمیانے کاشت کاروں کو بیج ، کھاد اور مشینری وغیرہ کی خریداری کیلئے آسان شرائط پر بروقت قرضوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔ زرعی پیداوار کے فروغ سے دیہی معیشت کی ترقی اور بے روز گاری کی شرح کم کرنے میں بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے ۔