207

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان مشکلات کا شکار

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کیپ ٹاؤن میں کھیلا جارہا ہے جس میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اور امام الحق نے ایک بار پھر مایوس کن آغاز کیا اور صرف 13 رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین واپس لوٹ گئے، امام 8 اور فخر ایک رنز ہی بناسکے۔

مڈل آرڈر میں تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی اور اسدشفیق نے ایک بار پھر قوم کو مایوس کیا اور دونوں ہی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، اظہر علی 2 اور اسدشفیق 20 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ بابراعظم بھی صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 54 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز اور شان مسعود نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 رنز کی شراکت قائم کی، شان مسعود 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ سرفراز احمد نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی، قومی ٹیم میں حسن علی کی جگہ پہلے میچ میں انجری کے باعث ٹیم سے دور رہنے والے محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے جب کہ جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بولر ورنون فلینڈر کی بھی واپسی ہوئی ہے، ان کو اسپنر مہاراج کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پروٹیز کپتان فاف ڈپلسی کا کہنا تھا کہ یہ گراؤنڈ ہمارا فیورٹ ہے اور پچ پر گھاس موجود ہے جس کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اس لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جب کہ ہاشم آملہ کا فارم میں واپس آنا خوش آئند ہے۔ دوسری جانب قومی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

واضح رہے جنوبی افریقا کو پاکستان کے خلاف 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔