کراچی: ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے گاڑیوں کی قیمتوں کو 50 ہزار سے 60 ہزار تک بڑھا دیا۔
50 ہزار روپے کے اضافے کے ساتھ نئی ہونڈا سوک 1.8 وی ٹی آئی – سی وی ٹی کی قیمت 23 لاکھ 99 ہزار جبکہ ہونڈا سوک 1.8 وی ٹی ایس آر- سی وی ٹی کی قیمت 25 لاکھ 49 ہزار ہوگئی ہے۔
ہونڈا سٹی 1.3 مینوئل کی قیمت 50 ہزار روپے اضافے کے ساتھ 15 لاکھ 99 ہزار اور آٹومیٹک کی قیمت 17 لاکھ 39 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ 60 ہزار روپے اضافے کے ساتھ ہونڈا سٹی 1.5 مینوئل کی نئی قیمت 16 لاکھ 59 ہزار روپے اور آٹومیٹک کی قیمت 17 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی۔
ہونڈا سٹی ایسپائر 1.5 کی قیمت میں بھی 60 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کے مینوئل ٹرانسمیشن کی نئی قیمت 17 لاکھ 89 ہزار اور آٹومیٹک ٹرانسمیشن 19 لاکھ 29 ہزار ہوگئی ہے۔
تاہم کمپنی نے اپنی گاڑی بی آر وی کے دو ماڈلز کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
تمام حالیہ اور نئے آرڈرز جن کی ادائیگی قسطوں میں کی جانی تھی کو نئی قیمت کے حساب سے فروخت کیا جائے گا جبکہ 31 دسمبر 2017 تک جن آرڈرز کی ڈلیوری ہونی تھی اور ان کی پوری قیمت بھی اس تاریخ تک ادا کردی گئی تھی انہیں کوئی اضافی رقم نہیں دینی ہوگی۔
خیال رہے کہ ان قیمتوں میں ایڈوانس انکم ٹیکس شامل نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ہونڈا کی طرح پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے بھی اپنی گاڑیوں پر یکم جنوری سے 10 ہزار سے 20 ہزار تک کا اضافہ کیا تھا جبکہ انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ نے دسمبر کے آخر میں ہی قیمتوں میں اضافہ کردیا تھا۔
الحاج فاء لمیٹڈ نے بھی اپنی گاڑیوں پر 30 ہزار سے 50 ہزار تک کا اضافہ کیا تھا۔
واضح رہے گاڑی سازوں نے یہ اضافہ روپے کی قدر میں کمی ہونے کے باعث گاڑیوں کے پارٹس کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر کیا ہے۔
گاڑیوں کے ڈیلر کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہونے کے باعث گاڑیوں کی قیمتوں میں آئندہ دنوں میں مزید اضافہ دیکھا جاسکتا ہے