234

ٹیسٹ رینکنگ؛ اظہرعلی کو بغیر کھیلے 2 درجے ترقی مل گئی

دبئی: ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے اظہر علی کو بغیر کھیلے ہی دودرجے ہی ترقی مل گئی۔

دو درجے ترقی سے اظہر علی نے ساتویں پوزیشن سنبھال لی جبکہ ایک درجہ بہتری سے بولرز رینکنگ میں یاسر شاہ 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے، جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا نے جیمز اینڈرسن سے ٹاپ پوزیشن چھین لی۔ ٹیم رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر آسٹریلیا کا قبضہ پکا ہوگیا، انگلش ٹیم کو پانچویں نمبر پر جانا پڑا، پاکستان بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق اظہر علی اس وقت نیوزی لینڈ کے ساتھ ون ڈے سیریز کھیلنے سے میں مصروف ہیں تاہم انھیں ترقی ٹیسٹ رینکنگ میں ملی ہے جہاں پر وہ نویں سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ان کی ترقی میں دراصل جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا کا اہم کردار ہے جوکہ کیپ ٹاؤن میں ناکام رہنے کی وجہ سے تین درجہ تنزلی کا شکار ہوکر دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

انگلش اوپنر الیسٹر کک کو ایک درجہ تنزلی نے نویں نمبر پر پہنچادیا ہے، دو درجہ بہتری پاکر دنیش چندیمل آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ پر آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کی پوزیشن مستحکم ہے تاہم دو درجہ ترقی نے انگلینڈ کے قائد جوئے روٹ کو دوسرے نمبر پر پہنچادیا ہے، ایک درجہ تنزلی سے ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ دو درجہ خسارے نے چتیشورپجارا کو پانچویں نمبر پر پہنچادیا ہے۔ بولنگ میں پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ انگلش پیسر اسٹورٹ براڈ کی ایک درجہ تنزلی سے براہ راست مستفید ہوتے ہوئے 14 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، ٹم ساؤتھی کی 16 درجے پر ترقی نے کیشیو مہاراج کو 17 ویں نمبر پر پہنچادیا ہے۔

ٹاپ پر پروٹیز بولر کاگیسیو ربادا نے قبضہ کرلیا ہے جبکہ انگلینڈ جیمز اینڈرسن کو دوسرے نمبر پر جانا پڑا ہے۔ آل راؤنڈرز میں بدستور شکیب الحسن ہی ٹاپ پر ہیں۔ ادھر ٹیم رینکنگ میں ایشز سیریز میں 4-0 سے کامیابی حاصل کرنے والی آسٹریلوی ٹیم نے تیسری پوزیشن پر قبضہ کرلیا جبکہ ایک ساتھ 6 پوائنٹس کی کٹوتی نے انگلش ٹیم کو پانچویں نمبر پر پہنچا دیا ہے، پاکستان بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ دنیا کی بہترین ٹیسٹ سائیڈ کا اعزاز بھارت کے پاس ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی دوسری پوزیشن ہے تاہم وہ تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرکے بھارت سے ٹاپ پوزیشن حاصل کرسکتا ہے۔